ضیا گوڑہ قبرستان میں غسل خانہ کی تعمیر کا تیقن

   

عوامی خدمات پر جشن کے بجائے حصول رضائے الہٰی کا عزم : نواب محمد کاظم علی خاں
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : نواب محمد کاظم علی خاں صدر امبیڈکر نیشنل کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ ان کی عوامی خدمات کے پچاس سال کی تکمیل کی مسرت میں جشن منانے کی بجائے عوام کی خدمت کے کام انجام دینا چاہتے ہیں تاکہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوجائے اور ان کی بخشش و مغفرت کا کچھ سامان ہوجائے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے عزم کیا کہ پچاس افراد کو عمرہ کے لیے روانہ کریں گے ۔ جن میں علمائے کرام ، حفاظ ، شعراء اور صحافی شامل رہیں گے ۔ وہ کل شب اردو گھر مغل پورہ میں آل انڈیا صوفی علماء کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ تہنیتی تقریب سے مخاطب تھے ۔ جلسہ کی صدارت مولانا حکیم صوفی سید شاہ محمد خیر الدین قادری صوفی نے کی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ضیا گوڑہ نزد پرانا پل کے قبرستان میں ایک غسل خانہ تعمیر کروانے کی تجویز کو خوشنودی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے تمام مصارف برداشت کرنے کا اعلان کیا اور اس کی جملہ پیشگی رقم بھی بدست مولانا شاہ غلام نقشبند حفیظ پاشاہ سجادہ نشین و متولی بارگاہ نائب رسول رحمت آباد شریف صدر کونسل کو پیش کی اور کہا کہ مرد اور خواتین کی میتوں کی غسل اور تکفین وغیرہ کے لیے علحدہ غسل خانے تعمیر کروائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہر میں دیگر مناسب مقامات پر بھی ایسے ہی غسل خانے تعمیر کروانے کا عزم مظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات کا جشن منانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اللہ نے خدمت کا جو موقعہ دیا ہے اس کی خوشی میں اور بھی بڑھ چڑھ کر عوام کی خدمت کے لیے آگے بڑھیں ۔ حافظ و قاری محمد علی نے نواب محمد کاظم علی خاں کی عوامی اور ملی خدمات پر روشنی ڈالی ۔ جناب محمد طاہر رومانی ، شاعر جناب جلال عارف اور ڈاکٹر سردار سلیم نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ صوفی عقیل احمد انصاری نے خیر مقدم کیا ۔ اس موقعہ پر ایک نعتیہ مشاعرہ زیر نگرانی جناب صلاح الدین نیر منعقد ہوا ۔ جس میں شعراء کرام نے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا ۔ جناب سہیل عظیم نے مشاعرہ کی کارروائی چلائی ۔۔