-ض12اضلاع میں ڈینگو اور 11 اضلاع ملیریا سے ہائی رسک

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد کے بشمول 4 اضلاع دونوں سے متاثر۔ محکمہ صحت کا اعلان۔ عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ
حیدرآباد۔ /19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) محکمہ صحت نے تلنگانہ کے 12 اضلاع کو ڈینگو اور 11 اضلاع کو ملیریا اور اس کے علاوہ 5 اضلاع کو ڈینگو اور ملیریا سے ہائی رسک قرار دے کر عوام کو احتیاط برتنے بخار، سردی ، کھانسی وغیرہ سے متاثر ہونے پر ڈاکٹرس سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا۔ حیدرآباد پوری طرح ڈینگو اور ملیریا کی لپیٹ میں ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں میں بھاری تعداد میں ڈینگو اور ملیریا کیس درج ہورہے ہیں۔ ریاست بھر میں 24 دن کے دوران 801 ڈینگو اور 100 سے زائد ملیریا کے کیس درج ہوئے ہیں۔ جاریہ سال یکم جنوری تا 16 اگسٹ 1206 ڈینگو کیس درج ہوئے جس میں سب سے زیادہ حیدرآباد میں 447 ، اضلاع رنگاریڈی میں 115، کھمم میں 122 ڈینگو کیس درج ہوئے ۔ اضلاع میں 60 سے زائد ڈینگو کیس درج ہوئے۔ 23 جولائی سے ڈینگو کے 405 اور ملیریا کے 409 کیس درج ہوئے۔ موسمی بخار کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ صحت نے 12 اضلاع کو ڈینگو اور 11 اضلاع کو ملیریا اور مزید 4 اضلاع میں ڈینگو اور ملیریا سے ہائی رسک قرار دیا ۔ ڈینگو سے متاثرہ ہائی رسک اضلاع میں حیدرآباد، عادل آباد، رنگاریڈی، میڑچل ، محبوب نگر، آصف آباد ، سنگاریڈی، ونپرتی، نظام آباد، نارائن پیٹ، ورنگل ( اربن )، کھمم شامل ہیں۔ ملیریا سے متاثرہ ہائی رسک اضلاع کتہ گوڑم، ملگ، آصف آباد، بھوپال پلی، ونپرتی، ورنگل، ہنمکنڈہ، حیدرآباد، محبوب آباد، منچریال، عادل آباد شامل ہیں۔ ڈینگو اور ملیریا دونوں سے متاثرہ اضلاع میں ورنگل، عادل آباد، آصف آباد و ونپرتی شامل ہیں۔ محکمہ صحت نے اعلان کیا کہ جن اضلاع کو ہائی رسک کے اضلاع میں شامل کیا گیا ہے ان اضلاع پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ضلعی حکام کو متحرک کردیا گیا ہے۔ ڈینگو اور ملیریا کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں ڈاکٹرس کی ٹیم کام کررہی ہے۔ ضروری ادویات کا اسٹاک روانہ کیا گیا ہے۔ عوام میں شعور بیدار کیا جارہا ہے۔ موسمی بخار میں مبتلاء ہونے عوام کو فوری ہاسپٹلس سے رجوع ہونے اور ڈاکٹرس کو بتانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔