طارق انصاری نے صدر نشین اقلیتی کمیشن کا عہدہ سنبھال لیا

   

جائزہ تقریب میں ہریش راؤ ، محمد محمود علی ، صدور نشین محمد سلیم ، خواجہ مجیب الدین اور دیگر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن طارق انصاری نے آج اپنی ذمہ داریوں کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ تقریب میں وزیر فینانس ہریش راؤ ، وزیر داخلہ محمد محمود علی ، صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم ، صدر نشین اردو اکیڈیمی خواجہ مجیب الدین ، بی آر ایس ارکان اسمبلی گنیش گپتا ، باجی ریڈی گوردھن ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے طارق انصاری کو مبارکباد پیش کی اور انہیں مشورہ دیا کہ حکومت نے انہیں جو ذمہ داری دی ہے اس کو بخوبی نبھاتے ہوئے عہدے سے انصاف کریں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر ریاست میں اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے وسیع تر اقدامات کررہے ہیں ۔ اقلیتیں بی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔ اقلیتوں کے جو بھی مسائل ہیں کمیشن سے رجوع ہونے والوں کے ساتھ انصاف کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں ۔ طارق انصاری نے وزراء محمد محمود علی ، ہریش راؤ کے علاوہ دوسرے ارکان اسمبلی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی کارکردگی کو سارے ملک میں مثالی بنانے کی کوشش کریں گے ۔ کسی بھی شعبہ میں نا انصافیوں کا شکار اقلیتیں اپنے مسائل کو لے کر کمیشن کے دفتر پر دستک دے سکتے ہیں ۔ اقلیتی کمیشن تمام درخواستوں کا جائزہ لے گا اور مسائل کی یکسوئی کی ہر ممکن کوشش کرے گا ۔ اس کے علاوہ بھی وہ اضلاع کے دورے بھی کریں گے ۔ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے اقلیتوں کے زیر التواء مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کی عاجلانہ یکسوئی کی بھی کوشش کریں گے ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بھی انہیں قیمتی مشورے دئیے ہیں جس پر بھی وہ عمل کریں گے ۔ مسائل ، نا انصافیوں کو حل کرتے ہوئے تمام اقلیتوں سے انصاف کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ اس موقع پر اقلیتی کمیشن کے ارکان محمد تنویر الدین ، محمد اطہر اللہ ، سردار درشن سنگھ ، سابق رکن وقف بورڈ وحید احمد ایڈوکیٹ ، سابق صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اکبر حسین ، بی آر ایس کے قائد مقیت چندا کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔ ن