طالبات میں آر بی ایل بینک سے سائیکلوں کی تقسیم،تعلیم کے ذریعہ ہی دنیا میں ترقی ہوگی : روہنی نائیڈو

   

شمس آباد ۔ 10 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ضلع پریشد گرلز ہائی اسکول شمس آباد میں آر بی ایل بینک کی جانب سے 125 طالبات میں سائیکلیں اور اسکولس کٹ تقسیم کی گئی ۔ رنگاریڈی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سشندرا راؤ نے آر بی ایل بینک سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سائیکلوں کی تقسیم سے طالبات میں حوصلہ افزائی ہوگی ۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ بہترین تعلیم حاصل کر کے اپنے ماں باپ ، اسکول اور شمس آباد کا نام روشن کریں ۔ روہنی نائیڈو دی گرل فاونڈیشن بانی نے کہا کہ طالبات آج سے ہی اپنی زندگی کے مقصد کو پورا کرنے کا ارادہ کرلیں اور اس کی تکمیل کی کوشش کریں ۔ آر بی ایل بینک نے طالبات کی ہمت افزائی کی ہے اور آئندہ بھی دیگر فاونڈیشن بھی آگے آئیں گے ۔ لڑکیوں کو چاہئے کہ وہ اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے پیروں پر کھڑے ہوں ۔ آج کے ترقی یافتہ دور میں خواتین ہر شعبہ میں مردوں کے شانہ بہ شانہ چلتے ہوئے ترقی کی منزلوں کو چھو رہی ہیں ۔ سبرامنیا کمار آر بی ایل بینک سی ای او نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر ہم ’ امید 1000 ‘ کے ساتھ ملک کے مختلف شہروں میں غریب طالبات میں 1000 سائیکلیں تقسیم کررہے ہیں ۔ شمس آباد میں 125 سائیکلیں تقسیم کئے گئے اس کے علاوہ رائے پور ، چینائی ، کولہا پور ، گوہاٹی ، کولکتہ ، سیلاوری ، گوا وغیرہ شامل ہیں ۔ اس موقع پر آر بی ایل بینک عہدیداروں اور منڈل ایجوکیشن آفیسر رام ریڈی وغیرہ نے مخاطب کیا ۔۔