ٹمریز گرلز کالج بالا نگر I میں یوم تعلیم ، اے سی پی سرینواس ریڈی ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین اور پرنسپل ونیلہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : یوم تاسیس تلنگانہ کے ضمن 20 جون 2023 کو حکومت کے اعلان کے مطابق ریاست گیر سطح پر یوم تعلیم منایا گیا ۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ مایناریٹی ریزیڈنشیل کالج بالا نگر I گرلز واقع عقب ایل بی نگر پولیس اسٹیشن ایک پر اثر تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت پرنسپل شریمتی ونیلہ نے کی جب کہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے اے سی پی ایل بی نگر سریدھر ریڈی اور ڈاکٹر محمد خواجہ مخدوم محی الدین اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نے شرکت کی ۔ اسی طرح مہمانان اعزازی کی حیثیت سے سرکل انسپکٹر انجینلیو اور سب انسپکٹر روی کمار نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سائبر کرائم کی ٹیم بھی موجود تھی ۔ اے سی پی سریدھر ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے طالبات سے خواہش کی کہ وہ سخت محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کر کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہونے کا نشانہ مقرر کریں ۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ملازمتوں پر تقرر کے لیے اس کے نوٹیفیکیشن کا مطالعہ کر کے نوٹ کرلیں اور مسابقتی امتحان کے ذریعہ کامیابی کا نشانہ مقرر کریں ۔ روی کمار ایس آئی نے بھی طالبات کو بلا خوف تعلیم کے سلسلہ کو جاری رکھنے کا مشورہ دیا اور انہیں تیقن دیا کہ وہ جب کبھی کسی قسم کا خوف محسوس کریں پولیس کو واقف کروائیں ۔ جب کہ راچہ کنڈہ سائبر کرائم کی ٹیم نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ دھوکہ دہی کے واقعات کو پیش کر کے طالبات میں پوسٹر کے ذریعہ شعور بیدار کیا ۔ آخر میں ڈاکٹر محمد خواجہ مخدوم محی الدین اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نے مخاطب کرتے ہوئے طالبات کو گنگا جمنی تہذیب فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کی مثالیں پیش کیں اور ٹمریز کی جانب سے فراہم کی جارہی تعلیم کے مقصد کو اجاگر کیا اور طالبات پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کو اپنا نشانہ مقرر کریں ۔ پبلک سرویس کمیشن کے ملازمتوں کا ذکر کیا قبل ازیں شریمتی ونیلہ پرنسپل نے کالج کی تعلیمی رپورٹ پیش کی ۔ اس موقع پر کالج کے لکچررس اور طالبات اور اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ مختلف مقابلہ جات کے انعامات مہمانان خصوصی کے ہاتھوں پیش کئے گئے جب کہ کالج کی جانب سے مہمانوں کو گلدستہ پیش کر کے استقبال کیا گیا اور یادگار مومنٹوز پیش کئے گئے ۔۔