حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز) نظامیہ طبی دواخانہ سے آیورویدک دواخانہ کی ایرہ گڈہ منتقلی کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے پولیس کانسٹبل کو آج معطل کردیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے اخبارات اور ٹی وی چیانلس میں نشر کئے گئے خبروں کا سخت نوٹ لیتے ہوئے چارمینار پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس کانسٹبل پرمیش کو معطل کردیا ۔ کل آیورویدک طلباء نے نظامیہ طبی دواخانہ کے قریب احتجاج کرتے ہوئے ڈائرکٹر آف آیوش اے وارسنی کا گھیراؤ کیا تھا ۔ اس احتجاج کے دوران خاتون پولیس کانسٹبلس احتجاجی طلباء کو گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران سادہ لباس میں ملبوس پولیس کانسٹبل پرمیش نے احتجاج کرنے والی ایک طالبہ کو نوچ لیا تھا ۔ کانسٹبل کی اس حرکت کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر عام ہوگئی تھی اور اس سلسلے میں اخبارات میں بھی خبریں شائع ہوئی تھیں ۔ پولیس کمشنر نے آج کانسٹبل کی معطلی کے احکامات جاری کئے ۔
