شی ٹیمس کے ذریعہ اسکولس و کالجس کا احاطہ کیا جائے : سبیتا ریڈی
حیدرآباد 2 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) ایک خاتون ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے پس منظر میں تلنگانہ کی وزیر تعلیم نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ایک مکتوب روانہ کرکے ان سے خواہش کی ہے کہ اسکولی اور کالج کی طالبات کیلئے شی ٹیم کے ذریعہ ریاست بھر میں بیداری شعور پروگرامس منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولی اور کالجس کی طالبات کی رہنمائی کی جانی چاہئے کہ مشکل وقت میں وہ کس سے رابطہ کریں۔ وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہمارے پاس شی ٹیمیں موجود ہیں۔ یہ کام پہلے ہی کیا جا رہا ہے ۔ ہمارا کہنا ہے کہ ہم ہر اسکول کو جائیں ہر کالج کو جائیں اور وہاں طالبات میں شعور بیدار کیا جائے ۔ ریاست میں شی ٹیمیں ہیں جو خاتون اور مرد پولیس اہلکاروں پر مشتمل ہیں اور وہ لڑکیوں و خواتین سے چھیڑ چھاڑ ‘ ہراسانی اور دیگر امور پر کام کرتی ہیں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ نہ صرف سرکاری کالجس اور اسکولس بلکہ خانگی اسکولس و کالجس میں بھی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خاص توجہ جونئیر ‘ ڈگری اور انجینئرنگ کالجس کی طالبات پر دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں میں یہ شعور بیدارکرنے کی ضرورت ہے کہ مشکل وقت میں وہ کس سے رابطہ کریں اور کس سے مدد حاصل کریں۔