وجئے شانتی کا شدید ردعمل، تلنگانہ میں خواتین غیر محفوظ
حیدرآباد۔یکم اگست (سیاست نیوز) کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کی صدرنشین اور فلم اسٹار وجئے شانتی نے آیورویدک ہاسپٹل چارمینار کی طالبات کے ساتھ پولیس کے غیر اخلاقی اور غیر انسانی رویہ کی مذمت کی اور تلنگانہ حکومت کو سخت وارننگ دی ہے۔ کل پیش آئے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے وجئے شانتی نے فیس بک پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے طالبات کے ساتھ پولیس کا رویہ سماج کے سر کو شرم سے جھکا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹی آر ایس کی قیادت اور برسر اقتدار پارٹی کو خواتین سے کس قدر نفرت ہے۔ وجئے شانتی نے کہا کہ انٹر بورڈ کے نتائج میں بے قاعدگیوں کے بعد طالبات کی خودکشی کے واقعات کو عوام ابھی بھولے نہیں ہیں۔ خاتون فاریسٹ آفیسر پر ٹی آر ایس رکن اسمبلی کے بھائی کا حملہ عوام کے ذہنوں میں تازہ ہے۔ ان واقعات کو ٹی آر ایس حکومت نے نظر انداز کردیا ہے۔ آیورویدک ہاسپٹل کی طالبات کے ساتھ پولیس کے رویہ کی ریاست بھر میں مذمت کی جارہی ہے لیکن ٹی آر ایس قائدین بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ خواتین کے تحفظ کے لئے شی ٹیم کے قیام کا کے سی آر دعویٰ کر رہے ہیں لیکن طالبات کے ساتھ پولیس کا سلوک سماج کے لئے باعث شرم ہے۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وجئے شانتی نے کہا کہ ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راو نے کہہ دیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدوں اور اعتراضات پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس کے رویہ پر حکومت خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو سبق سکھانا چاہئے۔ وجئے شانتی کے ردعمل پر ٹی آر ایس کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔