’طالبان اقتدار میں آئے تو برطانیہ ساتھ کام کرے گا‘

   

برطانوی وزیر دفاع بین والیس کا کہنا ہے کہ اگر طالبان نے افغانستان کا اقتدار سنبھال لیا تو برطانیہ ان کے ساتھ کام کرے گا، تاہم انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی صورت میں ان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے نظر ثانی کی جائے گی۔ برطانوی وزیر دفاع بین والیس نے روزنامہ ٹیلی گراف کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا،’’حکومت کی باگ ڈور خواہ جس کسی کے بھی ہاتھ میں ہو، اگر وہ بعض بین الاقوامی ضابطوں کی پاسداری کرتی ہے تو برطانوی حکومت اس کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔” انہوں نے تاہم متنبہ کیا،’’اگر وہ (طالبان) انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہیں تو برطانیہ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کرے گا۔‘‘سن 1996سے سن 2001 کے درمیان افغانستان میں آہنی ہاتھوں کے ساتھ حکمرانی کرنے والے طالبان کابل میں مغربی ملکوں کی حمایت سے قائم حکومت کو معزول کرنے کے لیے گزشتہ بیس برسوں سے جنگ لڑ رہے ہیں۔