طالبان انسانی حقوق کا احترام کریں تو ان کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں: یورپی یونین

,

   

یورپی بلاک کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے منگل کو کہا کہ یورپی یونین طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد صرف اسی صورت میں ہی افغان حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی جب وہ بنیادی حقوق بشمول خواتین کے حقوق کا احترام کریں اور افغانستان کی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے روکیں۔ جوزف بوریل نے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد ایک بیان میں یورپی یونین کے موقف کا خاکہ پیش کیا تاکہ طالبان کے فوری قبضے پر بات کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ “افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین افغان عوام کو مدد فراہم کرتی رہے گی۔کسی بھی مستقبل کی افغان حکومت کے ساتھ تعاون پرامن اور جامع تصفیے سے مشروط ہوگا جس میں خواتین، نوجوانوں اور اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے احترام کے ساتھ ساتھ افغانستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احترام، بدعنوانی کے خلاف جنگ کا عزم اور دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے افغانستان کی سرزمین کے استعمال کو روکنا شامل ہیں۔