دوحہ:افغانستان میں قیامِ امن اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کے لیے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔مذاکرات کے آغاز کی تقریب سے امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو، طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ کے نائب ملا عبد الغنی برادر اور افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلیٰ کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ سمیت کئی شخصیات نے خطاب کیا۔افغان حکومت اور طالبان کے درمیان باقاعدہ مذاکرات میں فریق اپنا اپنا نکتہ نظر پیش کریں گے اور افغانستان میں مستقل اور پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کی راہ میں حائل چیلنجز زیرِ بحث لائیں گے۔افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلیٰ کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبداللہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے با وقار اور مستقل امن پر زور دیا۔عبد اللہ عبد اللہ کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے اگر ہم نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا ہے اور خلوص سے امن کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔ تو افغانستان میں جاری مشکلات اور تکالیف کا خاتمہ ہو گا۔