حیدرآباد۔15 ستمبر(سیاست نیوز) حکومت میں اگر جرأت ہے تو وہ طالبان کو دہشت گرد تنظیم قرار دے۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدرمجلس اتحادالمسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی نے مودی حکومت کو چیالنج کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اس بات کا فیصلہ کرے کہ طالبان دہشت گرد ہیں یا نہیں!اسد الدین اویسی نے پٹنہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران استفسار کیا کہ ’’ میں نے کب کہا کہ مجھے طالبان پسند ہیں!‘‘ انہوں نے بتایا کہ ہندستان فی الحال اقوام متحدہ میں تحدیدات کمیٹی کے صدرنشین کا عہدہ رکھتا ہے اور ہندستان کو چاہئے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کسی بھی طالبانی دہشت گرد کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست سے خارج نہ کیا جائے۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے کہا کہ وہ کبھی طالبان کے حامی نہیں رہے ہیں اور نہ ہی کبھی انہیں طالبان پسند ہیں۔انہوں نے ان پر شبہات کرنے والوں سے استفسار کیا کہ وہ کیوں ان پر شک کر رہے ہیں!قندھار میں مسافرین کے بدلے دہشت گردوںکو رہا کرنے والے کیا وہ تھے جو ان پر شک کیا جا رہاہے!انہوں نے بی جے پی قائدین کی جانب سے انہیںطالبانی سونچ کا حامل قرار دینے پر شدید اعتراض کیا۔M