طالبان شدت پسندوں کے حملہ میں17پولیس اہلکار ہلاک

   

کابل۔ 30 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) شورش زدہ افغانستان میں طالبان شدت پسندوں کے مختلف صوبوں میں حملوں میں 17 افغان پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ۔’ اے پی ‘کے مطابق افغان حکام نے ملک کے مختلف حصوں میں طالبان کے تازہ حملوں میں تقریباً 17 پولیس اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔شمالی صوبہ بدخشاں کے ترجمان نیک محمد نے بتایا کہ ضلع ارگانج کوہا میں طالبان کے حملہ میں 3 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ، جہاں تاحال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔صوبائی پولیس سربراہ غلام داؤد تاراخیل نے بتایا کہ طالبان نے صوبہ غزنی میں بڑا حملہ کیا اور 2 چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ حملہ میں تقریباً 9 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ طالبان کو کئی گھنٹوں بعد ’’بھاری جانی نقصان کے ساتھ شکست‘‘ د یدی گئی۔دوسری جانب صوبائی ڈپٹی کونسل چیف اسد اللہ کاکڑ نے بتایا کہ صوبہ زابل کے ضلع شنکئی میں طالبان کے حملہ میں 5 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ۔اس حوالے سے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تینوں حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔واضح رہے کہ رواں ماہ کی 24 تاریخ کو افغانستان کے صوبے قندوز میں طالبان کے حملے میں 2 امریکی ہلاک جبکہ امریکی فضائی حملوں میں 4 افغان اہلکاروں کے علاوہ بچوں اور خواتین سمیت 14 شہری ہلاک ہوگئے تھے ۔