کابل : پندرہ اگست 2021کو کابل پر کنڑول سے قبل طالبان کئی سال تک شہروں کی گہما گہمی اور تفریح سے دور دیہاتوں میں رہے۔جب وہ ڈرامائی انداز میں شہروں پر کنٹرول حاصل کرنے لگے تو ان میں سے بہت سے جنگجوؤں کے لیے شہروں کی زندگی عجیب، انوکھی اور نئی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ بڑی عمر کے طالبان جنگجوؤں کو بھی شہروں کے تفریح پارکوں میں کھلونوں اور جہاز کے پروں سے پینگ جھولتے اور دل بہلاتے دیکھا گیا۔طالبان کا کھیل کود صرف تفریح تک محدود نہیں رہا بلکہ وہ اسمارٹ فون کا استعمال کرتے ہوئے سیلفیاں بناتے اور انہیں سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کرتے رہے ہیں۔ مگر اب لگتا ہے کہ طالبان کی اعلیٰ قیادت کو اپنے ساتھیوں کا یہ کھیل تماشا اچھا نہیں لگا۔ انہوں نے طالبان کے سیلفی بنانے پر پابندی عاید کر دی ہے۔طالبان جب شہروں میں داخل ہوئے تو انہیں کھیل کود اور تفریح کے آلات کے ساتھ بچوں کی طرح دل بہلاتے دیکھا گیا۔ کوئی ’تفریح پارک‘ میں الیکٹرک کاروں پر سوار ہے تو کوئی کشتی رانی کر رہا ہے۔ کوئی جھولا جھول رہا ہے اور کوئی چڑیا گھر کے جانوروں کے ساتھ کھیل رہا ہے۔کوئی کندھے سے بندوق لٹکائے ٹھنڈی میٹھی آئرس کریم سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔