طالبان لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے دیں: حامد کرزئی

   

کابل : سابق افغان صدر حامد کرزئی نے افغانستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لڑکیوں کو اسکولوں اور جامعات جانے کی اجازت دیں۔ افغانستان کے یوم آزادی کے موقع پر جاری کردہ اپنے بیان میں سابق صدر حامد کرزئی نے افغان عوام سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم یقینی بنائیں۔ دوسری جانب طالبان نے بھی برطانیہ سے آزادی کی سالگرہ کے موقع پر جاری کردہ بیان میں مذہبی اور ثقافتی اقدار کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ طالبان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ کسی کو افغانستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ افغانستان اگست میں برطانوی قبضہ سے آزادی کی 104ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ اگست 2021 میں افغانستان سے امریکی اور ناٹو افواج کے انخلا پر طالبان نے کابل پر قبضہ کر لیا تھا جب کہ امریکی حمایت یافتہ صدر اشرف غنی ملک سے فرار ہو گئے تھے۔ تاہم اب تک کسی ملک نے افغانستان پر طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے۔ اقتدار پر قبضہ کے بعد طالبان نے ایک مرتبہ پھر ملک میں سخت ترین شرعی قوانین کا نفاذ کر رکھا ہے جب کہ حالیہ عرصے میں لڑکیوں کی تعلیم پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔