انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ طالبان نے ترکی سے استدعا کی ہے کہ وہ کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھال لے، تاہم اس سلسلے میں ترکی نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ اپنے بوسنیا کے دورے کے لیے روانہ ہوتے ہوئے استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات چیت میں صدر اردغان نے کہا کہ افغانستان میں انتظامی صورتحال واضح ہونے کے بعد ہی ترکی اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرے گا۔ اردغان نے بتایا کہ اس سلسلے میں کابل میں ترک سفارت خانے میں طالبان کی ترک حکام کے ساتھ تین گھنٹوں تک گفتگو ہوئی۔ ترک صدر نے تاہم اس گفتگو کی تاریخ اور دیگر تفصیلات نہیں بتائیں۔