طالبان کا داڑھی نہ رکھنے والے سرکاری ملازم برطرف کرنے کا اعلان

   

کابل : افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کو داڑھی رکھنے اور ڈریس کوڈ کی پابندی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ تعمیل نہ ہونے کی صورت میں ان کو ملازمتوں سے فارغ کیا جا سکتا ہے۔رائٹرز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ طالبان کی انتظامیہ کی جانب سے نئی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے نمائندوں نے پیر کو مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگائے اور جائزہ لیا گیا کہ ملازمین کی جانب سے ہدایت پر کس حد تک عمل کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ ملازمین کو ہدایت کی جا رہی ہے وہ داڑھی نہ کٹوائیں اور مقامی ڈھیلے ڈالے لباس اور ٹوپی یا پگڑی پہنیں۔ان کو درست وقت پر نماز پڑھنے کو یقینی بنانے کا بھی کہا جا رہا ہے۔ملازمین کو یہ بھی بتایا گیا کہ اگر انہوں نے ان باتوں پر عمل نہ کیا گیا تو نتیجے میں ان کو نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا۔وزارت کے ترجمان کی جانب سے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔