کابل : افغانستان کی وزارت تجارت کے حکام کا کہنا ہیکہ طالبان انتظامیہ روس کے ساتھ پٹرول اور بینزین کی خریداری کیلئے ماسکو میں بات چیت کر رہی ہے اور معاہدے کی شرائط پر بات چیت آخری مراحل میں ہے۔میڈیا کے مطابق افغانستان کی وزارت صنعت وتجارت کے ترجمان حبیب الرحمان حبیب نے تصدیق کی کہ وزارت تجارت کی سربراہی میں ایک سرکاری وفد روسی دارالحکومت ماسکو میں موجود ہے اور گندم، گیس اور تیل کی فراہمی کے معاہدوں کو حتمی شکل دے رہا ہے۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ روسی فریق کے ساتھ بات چیت کررہے ہیں اور معاہدہ مکمل ہوجانے کے بعد اس کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ وزارت صنعت و تجارت کے ذرائع نے بتایا کہ ایک وزارتی وفد نے اس ماہ روس کا دورہ کیا تھا لیکن وفد کی واپسی کے بعد بھی ان کی وزارت اور وزارت خزانہ کے تکنیکی عہدیدار معاہدوں پر کام کرنے کیلئے ماسکو میں رک گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ہم معاہدے کے متن پر کام کر رہے ہیں۔ پٹرول اور بینزین پر ہم تقریباً متفق ہوچکے ہیں اور توقع ہے کہ معاہدہ جلد ہی تکمیل کو پہنچ جائے گا۔”روسی وزارت خارجہ اور وزارت توانائی کے ترجمانوں نے اس پیشرفت پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔