کابل : افغانستان میں طالبان سیکیورٹی فورسز نے شمالی پنج شیر صوبہ کے بعض حصوں میں باغی قوتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر ایک کلیئرنس آپریشن شروع کیا ہے جس میں باغی فورسز کے درجنوں افراد کو ہلاک اور بہت سوں کو پکڑنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔اسلام آباد سے ایاز گل کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے اعلی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نیتایا کہ یہ کارروائی اس پہاڑی صوبے کے تین اضلاع میں وہاں عوام کو باغیوں کی جانب سے لاحق خطرات سے بچانے کے لیے کی گئی۔مجاہد نے بتایا کہ پنج شیر کے ریخادارا اور افشار ضلعوں میں اس کارروائی میں چار کمانڈروں سمیت چالیس باغیوں کو مار دیا گیا اور ایک سو سے زیادہ کو پکڑ لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی اس ہفتے کے اوائل میں باغیوں کی کچھ تخریبی کارروائیوں کے جواب میں کی گئی۔ اور مجاہدین یا سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ رات دیر گئے کارروائی مکمل کی جس کے بعد وہاں لڑائی ختم ہو گئی۔