طالبان کی پابندیاں آسٹریلیا افغان سیریز سے دستبردار

   

کینبرا۔ آسٹریلیا نے افغانستان کے مارچ 2023 میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلی جانے والی مردوں کی تین میچوں کی ونڈے سیریز سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ طالبان حکومت کی طرف سے خواتین کے کھیلوں اور بیرونی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ گزشتہ سال ملک میں طالبان کے اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد افغانستان سے ونڈے سیریز کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کر رہا ہے۔آسٹریلوی حکومت سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس وقت آئندہ آئی سی سی سوپر لیگ کی تین میچوں کی مردوں کی ونڈے سیریز کے ساتھ آگے بڑھنے سے قاصر ہے جو آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان مارچ 2023 میں متحدہ عرب امارات میں مقرر ہے، کرکٹ آسٹریلیا نے جمعرات کو اعلان کیا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ فیصلہ طالبان کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم اور روزگار کے مواقع اور پارکس اور جم تک رسائی پر مزید پابندیوں کے حالیہ اعلان کے بعد کیا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا، افغانستان سمیت دنیا بھر میں خواتین اور مردوں کے لیے کھیل کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور ملک میں خواتین اور لڑکیوں کے لیے بہتر حالات کی توقع کے لیے افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ منسلک رہے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے مزید کہا کہ ہم اس معاملے پر آسٹریلوی حکومت کی حمایت کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ دوسرا موقع ہے جب آسٹریلیا نے پچھلے دو سالوں میں کسی دورے سے دستبرداری اختیار کی ہے۔ آسٹریلیا نے کورونا وائرس کے خدشات کے باعث فروری اور مارچ 2021 میں اپنے دورہ جنوبی افریقہ سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔ اس سیریز میں دونوں ٹیموں کو تین ٹسٹ کھیلنے تھے، جن پر بایو سیکیور پروٹوکول پر اتفاق کیا گیا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ اس کے پاس جنوبی افریقہ کی صورتحال کی وجہ سے کوئی چارہ نہیں تھا، جہاں اس وقت وائرس کی ایک زیادہ متعدی شکل کی اطلاع ملی تھی۔