طالبان کے اقتدار کی چوتھی سالگرہ پر کئی شہروں میں پریڈز کی منصوبہ بندی

   

کابل، 15 اگست (یواین آئی) افغانستان پر برسر اقتدار طالبان جمعے کو اپنے اقتدار کی چوتھی سالگرہ کا جشن منارہے ہیں، کابل میں طالبان نے پرچم بردار ریلی نکالی تاہم گزشتہ سال منعقد کی جانے والی فوجی پریڈ اس سال بغیر وجہ بتائے منسوخ کردی گئی۔خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے حکومت کو باضابطہ تسلیم کیے جانے کی پہلی مثال سے طالبان کو حوصلہ ملا ہے اور انہیں امید ہے کہ دیگر ممالک بھی اس کی پیروی کریں گے ۔طالبان کے اقتدار کی چوتھی سالگرہ پر کئی شہروں میں پریڈز کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، جن میں وسطی کابل بھی شامل تھا جہاں ہیلی کاپٹروں سے پھول برسائے جانے تھے اور طالبان کے ‘اسلامی امارتِ افغانستان’ کے سیاہ و سفید جھنڈے شہر بھر میں لہرا رہے تھے ، تاکہ 15 اگست 2021 کو دارالحکومت کا کنٹرول سنبھالنے کا جشن منایا جاسکے ۔اے ایف پی کے ایک صحافی کے مطابق جمعرات کی رات طالبان ارکان بند امریکی سفارتخانے کے قریب ایک چوک پر جمع ہوئے ، جہاں انہوں نے جھنڈے لہرائے اور آتشبازی کی۔