اسلام آباد : امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے شمالی صوبے سمنگان میں افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر طالبان کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تشدد کم کرنے زور دیا ہے۔خلیل زاد کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت ایبک میں پیر کو کیا گیا طالبان کا حملہ ان کی طرف سے بین الافغان مذاکرات شروع ہونے سے قبل تشدد کم کرنے کے عزم کی نفی ہے۔خلیل زاد نے منگل کو اپنی متعدد ٹوئٹس میں کہا کہ “ہم اس حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر دھماکہ خیز مواد کا استعمال ناقابلِ قبول ہے۔”ان کے بقول “یہ کارروائی ان لوگوں کو مضبوط کرے گی جو امن کی مخالفت کرتے ہیں اور ایسا کرنا بگاڑ پیدا کرنے والوں کے ہاتھوں میں کھیلنا ہے۔” خلیل زاد نے مزید کہا کہ افغانستان میں تمام فریقوں کو تشدد کم کرنا ہوگا۔
