طالبان کے ہاتھوں افغان حکومت کے میڈیا سربراہ کا قتل

   

کابل : افغانستان میں طالبان نے حکومت کے میڈیا انفارمیشن سینٹر کے سربراہ کو قتل کر دیا ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق جمعہ کو کابل کی ایک مسجد میں سرکاری میڈیا انفارمیشن سینٹر کے سربراہ دوا خان میناپال کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا کے نام جاری کردہ ایک پیغام میں اس قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ افغان فورسز کی طرف سے طالبان کے خلاف فضائی حملوں میں تیزی کے بعد طالبان نے اعلی حکومتی عہدیداران کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل افغان وزیر دفاع ایک قاتلانہ حملے میں بچ گئے تھے۔امریکہ نے نئے ایرانی صدر سے نیوکلیر مذاکرات بحال کرنے کو کہا ہے۔ امریکہ نے نئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے 2015 ء میں طئے پائے نیوکلیر معاہدے پر تعطلی کے شکار مذاکرات جلد بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔ واشنگٹن حکومت نے تاہم اس بات پر بھی زور دیا کہ سفارت کاری کے دروازے ہمیشہ کھلے نہیں رہیں گے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے 5 اگست کو صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ امریکہ اپنی قومی سلامتی اور اپنے اتحادیوں کے مفادات کا دفاع کرے گا۔ وہ امید کرتے ہیں کہ ایران اس موقع سے فائدہ اٹھا کر سفارتی سطح پر معاملات کو حل کرنے کے لیے آگے بڑھے گا۔ ابراہیم رئیسی نے گزشتہ روز ایران کے آٹھویں صدر کا حلف لینے کے بعد ملک کو مضبوط کرنے اور عالمی طاقتوں سے بات چیت پر زور دیا ہے۔