طالبان ۔امریکہ کے درمیان امن معاہدہ کے مثبت اشارے

   

کابل،30دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے طالبان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں عارضی جنگ بندی پر رضامند ہیں جس سے امریکہ کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کی راہ ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہے ۔ میڈیا میں شائع ہونے والی امریکی خبررساں ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق امن معاہدے کے نتیجے میں واشنگٹن افغانستان میں 18 سال سے جاری رہنے والی جنگ کے بعد اپنی افواج کو واپس ملک میں بلاسکتا ہے ۔اس معاہدہ میں امریکہ طالبان کی جانب سے اس بات کی ضمانت چاہتا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کو دہشت گرد گروہ کے لئے بیس کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔اس وقت امریکہ کے 12 ہزار فوجی افغانستان میں موجود ہیں، توقع ہے کہ طالبان سربراہ معاہدے کو منظور کرلیں گے ۔طالبان کی جانب سے جنگ بندی کی مدت کے بارے میں نہیں بتایا گیا تاہم اطلاعات ہیں یہ کہ 10 روز تک جاری رہ سکتی ہے ۔جنگ بندی پر رضامند ہونے سے قبل طالبان کی مذاکراتی ٹیم کے 4 اراکین نے حکمران کونسل سے ایک ہفتہ تک ملاقاتیں کیں جس کے بعد مذاکرات ٹیم اتوار کے روز اپنے سیاسی دفتر قطر واپس آگئی۔