سجنار نے آر ٹی سی ڈرائیور اورکنڈکٹر کو نقد انعام سے نوازا
حیدرآباد۔/11 ستمبر، ( سیاست نیوز) آر ٹی سی بس میں بروقت طبی امداد کی فراہمی کے ذریعہ قلب پر حملہ کا شکار ایک طالب علم کی جان بچانے پر منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی وی سی سجنار نے کنڈکٹر اور ڈرائیور کو تہنیت پیش کرتے ہوئے نقد رقم بطور انعام پیش کی۔ عادل آباد ضلع کے بھینسہ ڈپو سے تعلق رکھنے والے کنڈکٹر جی گنگادھر اور بس ڈرائیور بی گنگادھر کو آر ٹی سی کے عہدیداروں کی موجودگی میں بس بھون میں تہنیت پیش کی گئی۔ واضح رہے کہ 9 ستمبر کو عادل آباد ضلع کے بھینسہ ڈپو کی آر ٹی سی بس بھینسہ سے نرمل کیلئے روانہ ہوئی۔ دوران سفر دلاورپور کے قریب بس میں سوار ایک 12 سالہ طالب علم کرن کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور اسے سینے میں شدید درد محسوس ہوا۔ کنڈکٹر گنگادھر نے ڈرائیور کو اس بارے میں چوکس کرتے ہوئے فوری طبی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔ ڈرائیور نے سڑک کے کنارے بس کو روک دیا اور فوری طالب علم کو ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ طالب علم کی حالت میں بہتری کے بعد اس کو قریبی پرائمری ہیلت سنٹر منتقل کیا گیا۔ نرسا پور کے پرائمری ہیلت سنٹر میں ڈاکٹرس نے طالب علم کا علاج کیا۔ بروقت طبی امداد کی فراہمی سے طالب علم کی جان بچ گئی۔ منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی سجنار نے طالب علم کی جان بچانے پر ڈرائیور اور کنڈکٹر کی ستائش کی اور انہیں نقد انعام سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیور اور کنڈکٹر کی انسانی ہمدردی سے آر ٹی سی پر عوام کا اعتماد مضبوط ہوگا۔ انہوں نے ڈرائیور اور کنڈکٹر کے اس اقدام اور جذبہ کو دوسروں کے لئے ایک مثال قرار دیا۔ 1