ملبورن ۔29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک آسٹریلیائی جج نے ملبورن میں ایک اسرائیلی طالبہ کی عصمت ریزی اور قتل کرنے والے شخص کو 36 سال کی سزائے قید سنائی ہے۔ وکٹوریہ اسٹیٹ سپریم کورٹ جسٹس ایلزبتھ ہولنگورتھ نے منگل کے روز ملزم کوڈی ہرمین کو یہ سزاء سنائی جس نے 21 سالہ اسرائیلی طالبہ آئیا ماساروے کی عصمت ریزی کے بعد اس کا قتل کردیا تھا۔ ملزم نے طالبہ کی نہ صرف عصمت ریزی کی بلکہ اسے ایک لوہے کی سلاخ سے زدوکوب بھی کیا اور بعدازاں زندہ نذرآتش کردیا۔ جج جو خود بھی ایک خاتون ہیں، نے کہا کہ خواتین کو سڑکوں پر بغیر کسی ڈر اور خوف کے چلنے کی آزادی ہونی چاہئے۔ انہیں یہ خوف نہیں ہونا چاہئے کہ کوئی اجنبی ان پر حملہ کردے گا۔ متوفیہ ملبورن کی لاٹروپ یونیورسٹی میں گذشتہ پانچ ماہ سے چین کی شنگھائی یونیورسٹی سے طلباء کے تبادلہ پروگرام کے تحت ملبورن میں زیرتعلیم تھی۔