طالبہ کی موت پر پرینکا گاندھی کا اظہار افسوس

   

نئی دہلی،23ستمبر(یواین آئی)کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اترپردیش کے مین پوری میں نوودے ودیالے کی 11ویں کلاس کی طالبہ کے ہاسٹل میں پھندا لگاکر خودکشی کرنے کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے معاملوں سے حساس ہوکر نمٹنے کی ضرورت ہے ۔محترمہ گاندھی نے پیر کو ٹویٹ کرکے اس واقعہ کو بہت ہی افسوس ناک بتایا اور کہا کہ ہمیں نوجوانوں کے تئیں بے حد حساس ہونے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے اسکولوں میں اس طرح کے بڑھتے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کے حل کے لئے مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے ٹویٹ کیا،‘‘میں پوری جواہر نوودے ودیالے کا یہ واقعہ بہت ہی افسوس ناک ہے ۔ہمیں نوجوانوں کے تئیں حساس ہونا چاہئے ۔نوودے ودیالوں میں اس طرح کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ہمیں محتاط ہوکر اس کا حل نکالنا پڑے گا‘‘۔اس معاملے میں ودیالے انتظامیہ کے خلاف معاملہ درج کیاگیا ہے ۔واقعہ کے سلسلے میں طالبہ نے مرنے سے پہلے لکھا کہ تین سال پہلے اس پر ایک طالبہ نے نمکین چوری کرنے کا الزام لگایا تھا اور اس کے لئے مسلسل اس کا استحصال کیاگیا لیکن اسکول انتظامیہ نے اس کی شکایت پر کبھی توجہ نہیں دی جس سے مایوس ہوکر وہ خودکشی کررہی ہے ۔