طالب علم کا سیل فون اور رقم چھین کر فرار

   

شمس آباد ۔ 14 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے علاقہ لالہ گوڑہ کے قریب چند نامعلوم افراد نے ایک طالب علم کو زخمی کر کے سیل فون و رقم چھین کر فرار ہوگئے ۔ شمس آباد آر جی آئی اے پولیس کے بموجب ترون ساکن بالا پور جو معین آباد کالج میں تعلیم حاصل کررہا ہے آج صبح وہ راجندر نگر کے قریب ٹہرا ہوا تھا اس نے ایک کار نمبر MH02 BJ 6812 کو دیکھ کر لفٹ مانگی کار میں سوار چار افراد نے اسے بٹھالیا اور اس کے پاس موجودا یک سیل فون اور 1800 روپئے چھین کر اسے زد و کوب کیا۔ اس دوران جھڑپ میں ڈرائیور کا توازن بگڑ گیا اور کار ایک درخت سے ٹکرا گئی۔ کار سے اتر کر چاروں فرار ہورہے تھے کہ مقامی عوام نے دیکھ کر دو افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالہ کردیا ۔