یوتھ کانگریس کا احتجاج، آج ریاست بھر میں چیتنیہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی اپیل
حیدرآباد۔یکم؍مارچ، ( سیاست نیوز) یوتھ کانگریس کارکنوں نے انٹر میڈیٹ طالب علم کی خودکشی کے واقعہ کے خلاف بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے گھیراؤ کی کوشش کی۔ صدر یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی کی قیادت میں کارکنوں نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے روبرو احتجاج منظم کیا اور چیتنیہ کالجس کے اجازت ناموں کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس اور یوتھ کانگریس قائدین کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ قائدین نے کہا کہ چیتنیہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی خودکشی کے واقعات پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی خاموشی معنی خیز ہے۔ یوتھ کانگریس نے کل سے ریاست بھر میں سری چیتنیہ کالجس کے روبرو احتجاج منظم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ کی جانب سے فیس کے مسئلہ پر طلبہ اور سرپرستوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ کو فوری گرفتار کیا جائے تاکہ مستقبل میں ہراسانی کے واقعات کا تدارک ہو۔ اسی دوران این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ نے نارسنگی کیمپس میں طالب علم کی خودکشی کے خلاف کل 2 مارچ کو ریاست بھر میں سری چیتنیہ تعلیمی اداروں کے بند کی اپیل کی ہے۔ این ایس یو آئی کے کارکن کالجس کے خلاف دھرنا منظم کریں گے۔ر