طالب علم کی طرف سے استاد کیلئے قیمتی گاڑی کا تحفہ

   

صنعا : یمنی استاد فاروق الظرافی نے کہا ہیکہ انہیں ان کے ایک طالب علم نے نہایت قیمتی تحفہ دے کر ان کا دل جیت لیا۔ 30 برس قبل اس نے تعلیم حاصل کی تھی۔ العربیہ نیٹ کے مطابق الظرافی نے بتایا کہ ایک شخص نے اپنا نام بتائے بغیر فیس بک پر مجھ سے رابطہ کیا۔ اس نے بتایا کہ 30 برس قبل مجھ سے تعلیم حاصل کی تھی۔ اس نے مجھے لیکسس گاڑی کا تحفہ دے کر حیرت زدہ کر دیا۔الظرافی نے بتایا کہ دراصل 30 برس قبل میں نے اس طالب علم کوجب وہ بیمار ہوگیا تھا تو اسے صنعا کے ہاسپٹل میں داخل کرایا تھا۔ جہاں اس کا ہنگامی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ جس کے بعد وہ صحت یاب ہوگیا تھا۔ یمنی استاد نے بتایا کہ آپریشن کے بعد ہم سب ایک دوسرے سے جدا ہوگئے۔ اس کے بعد اس کا پتہ نہیں تھا۔فاروق الظرافی نے کہا کہ اس دوران اللہ تعالی نے اس طالب علم کو دولت سے نوازا اور وہ مجھے اب تک یاد رکھے ہوئے تھا۔استاد کا کہنا تھا کہ شاگرد نے مجھ سے ملاقات کر کے بتایا کہ وہ سعودی عرب اور ترکیہ میں متعدد کمپنیوں اور فیکٹریوں کا مالک بن چکا ہے اور وہ مجھے تحفہ دینا چاہتا ہے۔ استاد فاروق کا کہنا تھا کہ شاگرد نے مجھے 20 ملین یمنی ریال مالیت کی لیکسس کار تحفہ کے طور پر پیش کی۔