نئی دہلی، 20 نومبر (یو این آئی) دارالحکومت دہلی میں گول ڈاک خانہ کے قریب سینٹ کولمبس اسکول کے باہر طالب علم کی موت کے احتجاج میں طلباء اور لواحقین نے جمعرات کے روز مظاہرہ کیا، جس کے باعث وہاں افرا تفری مچ گئی۔ قابل ذکر ہے کہ اس اسکول میں پڑھنے والے 16 سالہ ایک طالب علم نے 18 نومبر کو راجندر نگر میٹرو اسٹیشن پر خودکشی کر لی تھی۔ مظاہرین نے اسکول کے کچھ اساتذہ پر طلباء کو مسلسل ذہنی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا اور اسکول انتظامیہ سے جوابدہی کا مطالبہ کیا۔ قرول باغ کے باشندہ طالب علم کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی درخواست کے مطابق کچھ اساتذہ کی جانب سے بار بار توہین اور ہراساں کیے جانے کی وجہ سے وہ ذہنی طور پر بہت پریشان تھا۔ شکایت میں کہا گیا کہ طالب علم اکثر گھر پر اپنی پریشانی بتاتا تھا۔ وہ اپنے اہل خانہ کو بتاتا تھا کہ کچھ اساتذہ اسے چھوٹی چھوٹی باتوں پر ڈانٹتے اور توہین کرتے ہیں۔
