طاہر بن حمدان صدر تلنگانہ اردو اکیڈیمی نامزد

   

بہی خواہوں اور کانگریس پارٹی قائدین کی جانب سے نہرو پارک پر جشن

نظام آباد :2 ؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پردیش کانگریس کے نائب صدر مسٹر طاہر بن حمدان کو ریاستی اُردو اکیڈیمی کا صدر نامزد کرتے ہوئے کل حکومت کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے۔طاہر بن حمدان کو اُردو اکیڈیمی چیرمین نامزد کرنے پر کانگریسی حلقوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ۔ طاہر بن حمدان نے یوتھ کانگریس قائد کی حیثیت سے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا ۔ 1981 ء تا 1987 کے دوران انہوں نے ضلع یوتھ کانگریس صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دی ۔ 1985 ء میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں انہوں نے حلقہ اسمبلی نظام آباد سے کانگریس پارٹی امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کیا اور تین مرتبہ ناکامی کا سامنا کیا۔ 1994 ء میں حلقہ اسمبلی بودھن سے کانگریس پارٹی امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا 2018 ء میں حلقہ اسمبلی نظام آباد اربن سے انہوں نے کانگریس امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کیا جس سے کانگریس پارٹی میں ان کے سیاسی کیرئیر کا اندازہ کیا جاسکتا ہے وہ کانگریس پارٹی کے سینئر ترین قائدین میں شمار کئے جاتے ہیں سابق صدر آل انڈیا کانگریس سونیا گاندھی ، راہول گاندھی کے علاوہ پرینکا گاندھی اور موجودہ صدر آل انڈیا کانگریس ملکارجن کھرگے سے مسٹر طاہر بن حمدان کے راست تعلق ہے 2006 ء تا 2011 ء کے دوران سرکنڈہ زیڈ پی ٹی سی منتخب ہوتے ہوئے مسٹر طاہر بن حمدان نے نظام آباد ضلع پریشد وائس چیرمین کی حیثیت سے منتخب ہوئے جبکہ 2008 میں انہوں نے انچارج ضلع پریشد چیرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دئیے ۔ 2012 ء تا 2018 ء تک انہوں نے صدر ضلع کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہے ۔2018 ء سے حالیہ عرصہ تک وہ حلقہ اسمبلی نظام آباد اربن انچارج بھی رہے ۔ 2023 ء کے انتخابات میں کانگریس پارٹی میں نظام آباد اربن سے محمد علی شبیر امیدوار بنایا گیا تھا اور انہوں نے کانگریس پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد مناسب مقام فراہم کرنے کا تیقن دیا گیا تھا اسی کے تحت حکومت نے انہیں صدرنشین اُردو اکیڈیمی نامزد کیا ہے۔ فی الوقت وہ نائب صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی کے باوقار عہدہ پر فائز ہے ۔ انہوں نے سابق میں ٹیلی کام ڈائریکٹرکی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہے مزدور یونین کے قائد بھی رہے ۔ نظام آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے سینئر ترین قائد کانگریس پارٹی طاہر بن حمدان کو صدرنشین تلنگانہ اُردو اکیڈیمی نامزد کئے جانے پر کانگریسی حلقوں کے علاوہ عوام اور بہی خواہوں میں خوشی و مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ جناب طاہر بن حمدان کو صدرنشین اُردو اکیڈیمی تلنگانہ نامزد کئے جانے پر ان کے بہی خواہوں اور کانگریس پارٹی قائدین کی جانب سے نہروپارک پر آتش بازی کرتے ہوئے جشن منایا گیا۔