نئی دہلی ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے عام آدمی پارٹی کے معطل شدہ کونسلر طاہرحسین، پی ایف آئی اور بعض دوسروں کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور ان پر دہلی کے حالیہ فسادات میں فنڈنگ کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ طاہر حسین کے خلاف انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جس کو پہلے شمال مشرقی دہلی میں فسادات کے دوران انٹلیجنس بیورو کے آفیسر کے قتل کے الزام کا سامنا ہے۔ منی لانڈرنگ کے الزامات پاپلر فرنٹ آف انڈیا پر بھی عائد کئے گئے ہیں۔ طاہر حسین اس وقت دہلی پولیس کی تحویل میں ہے۔ وفاقی ایجنسی نے ازخود کارروائی کرتے ہوئے مبینہ منی لانڈرنگ اور غیرقانونی فنڈنگ کا دہلی پولیس کرائم برانچ کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر بنیاد پر جائزہ لیا۔ پاپلر فرنٹ آف انڈیا اور دیگر پر فرقہ وارانہ فسادات کو اسپانسر کرنے کا الزام ہے۔ ان فسادات میں 50 سے زائدافراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
