نئی دہلی۔ 29 فروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے کونسلر محمد طاہر حسین جن پر دہلی کے حالیہ تشدد میں فسادی ہجوم کی مدد کرنے کا الزام ہے، جس نے ان کے چار منزلہ قیام گاہ سے مبینہ طور پر پٹرول بم پھینکے۔ اسی تشدد کے دوران طاہر پر انٹلیجنس بیورو کے انکت شرما کے قتل کا الزام ہے۔ تاہم طاہر نے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ انہیں پارٹی سے معطل کردیا گیا ہے، لیکن ان کے دفاع میں پارٹی ترجمان پرنس سونی نے ایک ویڈیو پوسٹ کیا جس کے بارے میں دعویٰ ہے کہ اسے طاہر نے تشدد کے دوران 24 فروری کو ریکارڈ کیا تھا۔ تقریباً ایک منٹ کی کلپ میں طاہر کو شمال مشرقی دہلی کی صورتحال پر کنٹرول کیلئے پولیس سے مدد مانگتے دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ دعویٰ کررہے ہیں کہ غنڈے ان کے مکان میں زبردستی گھر آئے ہیں۔ تاہم اس ویڈیو کے آن لائن دستیاب ہونے کے فوری بعد بعض سوشیل میڈیا یوزرس نے اس کی تکنیکی تفصیلات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ تشدد کے دوران ریکارڈ نہیں کیا گیا بلکہ 27 فروری کو ریکارڈ کیا گیا ہے۔