بیروت: اسرائیلی طیاروں نے لبنان میں غازیہ کے علاقے اور زہرانی تنصیبات کے پچھلے علاقے پر حملے کئے ہیں۔ یہ علاقے اسرائیل کی سرحد سے تقریباً 60 کلومیٹر دور ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے غازیہ میں حزب اللہ کے ہتھیاروں کے ڈپو پر حملہ طبریا حملے کے جواب میں کیا۔ لبنانی سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ جنوبی لبنان کے قصبے غازیہ میں دو اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک قصبے پر اسرائیلی حملوں میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ دو چھاپوں میں سے ایک نے بین الاقوامی ساحلی سڑک کے قریب واقع ایک گودام کو نشانہ بنایا۔ ایک بہت بڑی آگ بھڑک اٹھی اور دھوئیں کے گھنے بادل چھا گئے اور سارے علاقہ کو ڈھانپ لیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ویڈیو کلپس میں قصبے میں کم از کم دو مقامات سے کالے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس سے قبل پیر کو ہی لبنانی حزب اللہ گروپ نے اعلان کیا تھا کہ اس نے برکہ ریشا کے اسرائیلی فوجی سرحدی مقام پر ’’مناسب ہتھیاروں سے‘‘ بمباری کی ہے۔7 اکتوبر کو غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ کے آغاز کے ساتھ ہی اسرائیلی فوج اور حزب اللہ گروپ میں روزانہ کی بنیاد پر گولہ باری کا تبادلہ جاری ہے۔
