جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل کا سندیپ کمار سلطانیہ کو مکتوب
حیدرآباد۔ 23اپریل(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے جو طبقاتی سروے کروایا ہے اس کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور ممکن ہو تو اقلیتی طبقات کے سلسلہ میں تیار کردہ مواد فراہم کیا جائے تاکہ ریاست میں اقلیتوں کی ترقی کے سلسلہ میں منصوبہ بندی اور انہیں پہنچائے جانے والی فلاحی اسکیمات کی تیاری میں ان کی حصہ داری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل نے سندیپ کمار سلطانیہ آئی اے ایس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے اس بات کی خواہش کی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے کروائے گئے خصوصی طبقاتی سروے کی رپورٹ میں موجود اقلیتوں سے متعلق ڈاٹا انہیں فراہم کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ وہ ریاست میں موجود اقلیتی طبقات اور ان کی معاشی و سماجی صورتحال کے متعلق آگہی حاصل کرتے ہوئے ان کی ترقی کے لئے اقدامات کو یقینی بناسکیں۔ جناب عامر علی خان نے اپنے مکتوب میں مزید کہا کہ انہیں اگر اقلیتی طبقات کے سماجی موقف کے سلسلہ میں تفصیلات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں وہ ریاست کے اقلیتوں کی ترقی اور ان کی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کی منصوبہ بندی کو یقینی بنانے کے لئے تجاویز تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کرسکتے ہیں ۔ انہو ںنے توقع ظاہر کی ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کروائے گئے سروے میںموجود ان تفصیلات کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی تاکہ اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کئے جاسکیں۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے بی سی طبقات کی نشاندہی کے سلسلہ میں ریاست بھر میں کروائے گئے سروے کے دوران تمام شہریوں کی تفصیلات حاصل کی ہیں اور ان میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے بھی تمام طبقات کا احاطہ کیا گیا ہے ۔جناب عامر علی خان کے مطابق وہ ریاست میں موجود اقلیتی برادریوں کے سماجی و معاشی موقف کے علاوہ ان کے حالات کے سلسلہ میں علحدہ رپورٹ کی تیاری کے ذریعہ ان کو فراہم کی جانے والی فلاحی اسکیمات میں مزید بہتری لانے کے خواہاں ہیں اسی لئے وہ یہ تفصیلات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔3