طبقاتی مردم شماری میں نوریلیجن اور نو کاسٹ کے کالمس کو شامل کرنے تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ جامع طبقاتی مردم شماری میں نوریلیجن اور نو کاسٹ کے کالمس کا اضافہ کیا جائے تاکہ ایسے افراد کو سہولت ہو جو کسی بھی مذہب یا کاسٹ سے وابستہ نہیں ہیں۔ جسٹس ایس نندا نے محمد وحید اور ڈی ایل کرشنا چند کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے طبقاتی مردم شماری کے سوالنامہ میں دو کالمس کے اضافہ کی ہدایت دی۔ ایک کالم ’ نوریلیجن‘ مطلب کوئی مذہب نہیں اور دوسرا ’ نو کاسٹ‘ یعنی کوئی کاسٹ نہیں کے تحت عوام کو خانہ پُری میں سہولت ہو۔ درخواست گذاروں نے کہا کہ مذکورہ کالموں کی عدم شمولیت دستور کی دفعات 14 اور 19 کے علاوہ 21 اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گذاروں نے بتایا کہ سروے میں صرف روایتی مذاہب اور کاسٹ کو شامل کیا گیا ہے۔ جسٹس نندا نے حکومت کو ہدایت دی کہ جاریہ سروے میں ترمیم کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے کہ عوام ’ نوریلیجن‘ اور ’ نو کاسٹ‘ کی سہولت سے استفادہ کرسکیں۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ ایسے وقت آیا جب حکومت نے سروے کا آغاز کردیا ہے۔1