کوئی بھی مکان سروے سے خالی نہ رہے، مقفل مکانات کی تفصیلات فون پر حاصل کی جائیں
حیدرآباد ۔25۔نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تکمیل کے ساتھ تفصیلات کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے اقدامات کریں۔ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ گھر گھر مردم شماری کا کام آخری مراحل میں ہے ، لہذا عہدیداروں کو تفصیلات کمپیوٹرائزڈ کرنے پر توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزیشن اور ڈیجیٹلائیزیشن کے کام میں کوئی تساہل نہ کیا جائے اور عوام کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کو درست انداز میں درج کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزیشن کے کام میں کافی احتیاط کی ضرورت ہے اور اس کام کیلئے کمپیوٹر کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ بھٹی وکرمارکا نے ضلع کلکٹرس اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ انہوں نے ضلع واری سطح پر مردم شماری کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ مردم شماری کے دوران شمار کنندوں کو بعض ایسے مکانات کا سامنا ہے ، جو مقفل ہیں یا پھر ان کے مکین شہر سے باہر ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے مشورہ دیا کہ ایسے خاندانوں کی تفصیلات فون پر حاصل کر تے ہوئے فارم کی خانہ پری کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کوئی بھی گھر مردم شماری سے خالی نہ رہے۔ دیہی علاقوں میں تفصیلات حاصل کرنے میں عہدیداروں کو چوکس رہنا چاہئے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں ناقص غذا کی سربراہی کے واقعات کی روک تھام کیلئے چوکسی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ وقفہ وقفہ سے اسکولس اور ہاسٹلس کا معائنہ کرتے ہوئے معیاری غذا کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے ۔ 1