طبقات کی اساس پر مردم شماری کیلئے مرکز سے اپیل

   

14بی سی تنظیموں ساتھ کرشنیا کی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی سے نمائندگی
حیدرآباد۔/19 فبروری، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے 14 پسماندہ طبقات تنظیموں کے قائدین نے آر کرشنیا صدر آل انڈیا بی سی ویلفیر اسوسی ایشن و سابق رکن اسمبلی کی قیادت میں مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ برائے داخلہ جی کشن ریڈی سے ملاقات کی اور پسماندہ طبقات طبقات کو درپیش مختلف مسائل پر زائد از نصف گھنٹہ تبادلہ خیال کیا اور یکم اپریل سے شروع کئے جانے والے ملک کی آبادی سے متعلق مردم شماری طبقات کی اساس پر کرنے کا مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ برائے داخلہ جی کشن ریڈی سے پرزور مطالبہ کیا اور بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے گزشتہ دنوں آبادی کے حساب ( مردم شماری ) سے متعلق 31 کالموں پر مبنی نمونہ فارم جاری کیا گیا لیکن اس فارم میں طبقات کی اساس پر آبادی کی تفصیلات کا کالم نہیں ہے۔ جبکہ مرکزی حکومت کے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نمونہ فارم میں ایس سی، ایس ٹی کی تفصیلات سے متعلق کالم بنائے جانے کے علاوہ ہندو، مسلم، عیسائی و دیگر مذاہب ( طبقات ) کی تفصیلات و دیگر تفصیلات کے تعلق سے کالم پر مبنی فارم ( پروفارما ) میں شامل ہیں۔ لیکن فارم ( پروفارما ) میں بی سی طبقات کی تفصیلات سے متعلق کالم موجود نہیں ہے۔ لہذا کرشنیا نے پسماندہ طبقات کے حسابات کی تفصیلات اکٹھا کرنے کی کشن ریڈی سے خواہش کی اور بتایا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں بی سی طبقات کی ترقی کیلئے شعبہ تعلیم و ملازمتوں میں تحفظات، معاشی و سیاسی شعبہ جات میں ترقی کیلئے بھی کئی ایک اسکیمات کو روبہ عمل لارہی ہیں اور بجٹ بجٹ بھی مختص کیا جارہا ہے اور تحفظات کو گروپوں کے انداز میں تقسیم کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیم و ملازمتوں میں تحفظات کا تعین کرنے پنچایت راج و بلدی انتخابات کے موقع پر بی سی طبقہ کی آبادی کے حسابات کی تفصیلات کی ضرورت ہوا کرتی ہے۔ مسٹر کرشنیا نے کہا کہ ہمارے ملک میں بی سی طبقہ کی آبادی سے متعلق حسابات نہیں پائے جانے کی وجہ سے تحفظات کے فیصد کا تعین کرنے میں مرکزی و ریاستی حکومتوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے اورآبادی کا حساب ( تعداد ) نہ رہنے کی وجہ سے سپریم کورٹ اور ریاستی ہائی کورٹس تحفظات کے فیصد کا فیصلہ کرنے ( تعین کرنے ) کو مسترد کررہے ہیں۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ برائے داخلہ جی کشن ریڈی نے بی سی طبقات کی تنظیموں کے وفد کو اس بات کا یقین دلایا کہ بہت جلد اس مسئلہ پر تمام بی سی طبقات کی تنظیموں کو مدعو کرکے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کروایا جائے گا۔