نیویارک : ملک کے معروف و مقبول طبلہ نواز استاد ذاکر حسین کا انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر 73 سال تھی ۔ کہا گیا ہے کہ انہیں قلب کا عارضہ لاحق تھا ۔ ان کا انتقال آج اتوار کو امریکہ میں ہوا ۔ انہیں طبیعت کے بگڑنے پر دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا ۔ قبل ازیں خبر رساں اداروں نے ان کے دوست اور بانسری نواز راکیش چورسیہ کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ استاد ذاکر حسین کو قلب کے عارضہ کی وجہ سے امریکہ کے ایک دواخانہ میں آئی سی یو میں شریک کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ 73 سالہ طبلہ نواز کو بلڈ پریشر کا بھی مسئلہ درپیش تھا ۔ ان کا گذشتہ ایک ہفتے سے امراض قلب کا علاج چل رہا تھا ۔ ذاکر حسین کے خاندان نے تاحال کوئی بیان نہیں جاری کیا ہے ۔ ذاکر حسین افسانوی طبلہ نواز استاد اللہ رکھا خان کے فرزند تھے اور وہ ہندوستان اور عالمی سطح پر موسیقی کی دنیا کا جانا مانا نام تھے ۔ انہوں نے 7 سال کی عمر میں طبلہ نوازی شروع کی تھی اور ملک بھر میں 12 سال کی عمر تک وہ اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے تھے ۔ انہوں نے ہندوستانی اور کلاسیکی کے علاوہ عالمی موسیقی میں بھی نمایاں رول ادا کیا ہے ۔