رکن اسمبلی جگا ریڈی نے عیادت کی، ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمہ
حیدرآباد ۔ 18۔جون (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کو پولیس نے طبیعت بگڑنے پر عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہنمنت راؤ کی شوگر کی سطح میں اضافہ ہوگیا جس کے علاج کے لئے انہیں عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ پنجہ گٹہ جنکشن پر آج صبح ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کی کوشش پر پولیس نے حراست میں لے لیا تھا، انہیں بلارم پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ طبیعت بگڑنے پر آج شام عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے طبی معائنے کئے گئے ۔ اسی دوران رکن اسمبلی جگا ریڈی نے ہاسپٹل پہنچ کر ہنمنت راؤ سے ملاقات کی۔ انہوں نے ڈاکٹرس سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ کی صحت کے بارے میں دریافت کیا ۔ پولیس نے سرکاری کام کاج میں مداخلت کے الزام کے تحت مختلف دفعات میں ہنمنت راؤ کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔ سب انسپکٹر ستیش کی شکایت پر غیر ضمانتی دفعات کے تحت مقدمات درج کیا گیا۔ کرائم نمبر 291/2019 میں دفعات 143 ، 153/A ، 353 ، 188 آئی پی سی اور 34 آئی پی سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی نے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی سے فون پر ربط قائم کیا جو ان دنوں نئی دہلی میں ہیں۔ انہوں نے اتم کمار ریڈی سے خواہش کی کہ ہنمنت راؤ کی صحت کے بارے میں ڈاکٹرس اور پولیس عہدیداروں سے بات چیت کریں۔ جگا ریڈی نے غیر ضمانتی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی مذمت کی ۔