کورونا وائرس سے نمٹنے ملک گیر سطح پر انتظامات کے جائزہ اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت
نئی دہلی۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس سے لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے تشکیل شدہ مختلف بااختیار گروپوں کے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ تمام ضروری طبی آلات و اوزار کی خاطر خواہ دستیابی کو یقینی بنایا جائے جس میں شخصی حفاظت کے ساز و سامان بشمول فیس ماسک، دستانے اور تنفس کے آلات بھی شامل ہیں۔ مودی نے ملک گیر سطح پر تمام دواخانوں میں کئی جانے والے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دواخانوں میں مناسب کورنٹائن وارڈس اور سہولتوں کا خصوصیت کے ساتھ نوٹ لیا جہاں مریضوں کو رکھا جاتا ہے اور معائنے کے بعد انتہائی نگہداشت کے ساتھ زیرعلاج رکھا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کووڈ۔19 سے پیدا شدہ صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی اور اقدامات پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے متعدد بااختیار گروپس تشکیل دیئے تھے۔ وزیراعظم نے ان گروپوں اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی کہ تمام ضروری سازوسامان کی پیداوار، خریدی، سربراہی اور دستیابی کو یقینی بنایا جائے بالخصوص طبی آلات، ماسک، دستانے، تنفس کے آلات وغیرہ کی کوئی کمی باقی نہ رکھی جائے۔ وزیراعظم کے دفتر نے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں ان تفصیلات کا انکشاف کیا۔ معتمد داخلہ اجئے کمار بھلہ نے کہا کہ دشوارکن شعبوں کی نشاندہی اور ان کے موثر حل کے علاوہ بہتر پالیسی کی تدوین ،منصوبوں کی ترتیب، حکمت عملی وغیرہ جیسے اُمور پر بااختیار گروپ تشکیل دیئے گئے تھے۔ 11 بااختیار گروپوں کے منجملہ 9 معتمد سطح کے افسروں کے زیرقیادت ہیں اور ایک نیتی آیوگ کے ممبر اور ایک نیتی آیوگ کے سی ای او کے زیرقیادت ہے۔