حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت سے وضاحت طلب کی کہ پی پی ای کٹس اور دیگر حفاظتی اشیاء کے باوجود کچھ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کورونا وائرس سے کیوں متاثر ہورہا ہے؟ عدالت عالیہ نے حکومت کو حفاظتی کٹس، ماسک، دستانوں کی فراہمی، کورونا وائرس سے متاثرمریضوں کی صحیح تعداد اور کورونا وباء کو ختم کرنے کیلئے کئے جارہے اقدامات پر 8 جون تک تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
حکومت کے خلاف عدالت کے احکامات کو نظر انداز کرنے کے الزامات لگاتے ہوئے کیسس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ججس نے تنقید کی ہے کہ کس طرح ڈاکٹرس او رطبی عملہ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان او رجسٹس وجے سین پر مشتمل دو رکنی بنچ ریٹائرڈ ڈی ایم ایچ او راجندر او رریٹائرڈ پروفیسر ایل ویشوایشوریا کی جانب سے دائر کردہ عرضیوں کی سماعت کررہے تھے۔ درخواست گذاروں کے وکیل سی ایچ پربھاکر نے بحث کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے احکامات کے باوجود حکومت ڈاکٹر، میڈیکل طلباء اور دیگر پروفیشنلس کو پی پی ای کٹس اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کرنے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے طبی عملہ کورونا سے متاثر ہوگیا۔ ہائی کورٹ نے حکومت کو 8 تک تفصیلی رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ سماعت 8 جون تک ملتوی کردی گئی۔