طبی عملہ کی حفاظت کیلئے سخت آرڈیننس متوقع

,

   

نئی دہلی، 22اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کووڈ۔19کی عالمی وبا سے نپٹنے کے لئے ملک گیر مہم میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈک عملہ پر حملوں کے بڑھ رہے واقعات پر روک لگانے کے لئے حکومت نے ایک سخت آرڈی ننس لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت قصورواروں کو سات برس تک کی قید اور سات لاکھ روپے تک کے جرمانہ کی سزا کا التزام ہوگا۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے یہاں پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت وبائی بیماری سے متعلق ایکٹ 1897میں ترمیم کے لئے ایک آرڈی ننس لائے گی جس میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ پر پرتشدد حملے کو سنگین اور غیرضمانتی جرم بنایا جائے گا۔ جاوڈیکر نے کہا کہ آرڈی ننس میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ پر ہونے والے حملے کی صورت میں پانچ مہینہ سے لیکر پانچ برس تک کی قید اور پچاس ہزار روپے سے لیکر پانچ لاکھ روپے کے جرمانہ کی سزا اور گھناونے حملے کی صورت میں سات سال تک کی قید اور سات لاکھ روپے تک کے جرمانہ کی سزاکا التزام کیا جائے گا۔