حیدرآباد۔/8 اپریل، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ضلع وقارآباد میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر منعقدہ سروے کے دوران خاتون طبی عہدیدار کو صحت سے متعلق معلومات فراہم نہ کرنے اور مبینہ طور پر بدکلامی کے الزام کے تحت دو بھائیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ یہ واقعہ منگل کو تانڈور ٹاؤن میں پیش آیا جہاں دو خاتون طبی ورکرس گھر گھر سروے کے ایک حصہ کے طور پر محلہ میں ایک گھر پر پہنچے تھے جہاں 35 اور 45 سال کی درمیانی عمر کے دو بھائیوں نے انہیں تفصیلات مہیا کرنے سے نہ صرف انکار کیا بلکہ گالی گلوج بھی کی۔ پولیس نے پی ٹی آئی سے کہا کہ دونوں خاتون ورکرس نے بعد میں پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت کی جہاں دونوں کے خلاف ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی مناسب دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی نے حال ہی میں کہا تھا کہ ریاست کی ساری پولیس فورس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنائیں ۔