واشنگٹن : امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جمعہ کو معمول کے ایک جسمانی معائنے کے مختصر وقفے کے بعد اپنی وائٹ ہاؤس کی ذمہ داریاں پھر سے سنبھال لی ہیں۔بائیڈن نے ’کولونوسکوپی‘ کے معائنے کے دوران بے ہوشی کی حالت میں جانے سے قبل آئین کے مطابق صدارتی اختیارات نائب صدر کملا ہیریس کو منتقل کئے تھے۔وائٹ ہاوس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ معائنے کے لئے صدر بائیڈن کو تھوڑی دیر کے لیے بے ہوش کرنے کی ضرورت تھی۔بائیڈن کا یہ طبی معائنہ واشنگٹن سے جڑی ریاست میری لینڈ میں قائم والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سنٹر میں کیا گیا۔وائٹ ہاوس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ صبح 11 بج کر 35 منٹ پر صدر بائیڈن نے نائب صدر ہیریس کو فون کر کے بتایا کہ وہ معائنے کے بعد ہوش میں واپس آگئے ہیں، وہ بہتر حالت میں ہیں اور اپنے فرائض ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ساکی نے کہا کہ طبی ماہرین صدر بائیڈن کے جسمانی معائنے کے بعد ان کی صحت کے بارے میں ایک جامع سمری تیار کر رہے ہیں جو میڈیا کو بھی جاری کی جائے گی۔بائیڈن کے صدارتی اختیار سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا طبی معائنہ تھا۔