بیروت ۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لبیا کے درالحکومت طرابلس میں ایک حملے میں کم از کم 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں جب کہ ایک ہسپتال کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ حکومت نے اس واقعے کی ذمہ داری خلیفہ حفتر کی سربراہی میں متحرک فورسز پر عائد کی ہے۔ طرابلس حکومت کے مطابق اس حملے میں ایک ہسپتال کو ہدف بنایا گیا۔ حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں لیبیا میں متحارب فریقین سے فائربندی کی اپیل کی ہے۔