بن غازی (لیبیا) ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چہارشنبہ کی اولین ساعتوں میں تارکین وطن کے ایک حراستی مرکز پر کئے گئے فضائی حملوں میں 40 افراد ہلاک ہوگئے۔ اقوام متحدہ کی تائید والی اس حکومت کے ایک ہیلتھ آفیسر نے یہ بات کہی۔ فضائی حملوں کے ذریعہ طرابلس کے تاجورہ میں واقع حراستی مرکز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان حملوں میں 80 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان ملک میرسیت نے کہا کہ جن تصاویر کو سوشیل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا ہے، ان میں زخمیوں کو بذریعہ ایمبولینس ہاسپٹل منتقل کیا جارہا ہے جبکہ دیگر فوٹیج جو حراستی مرکز کے اندر سے شوٹ کرکے پوسٹ کی گئی ہے، اس میں انتہائی دلخراش مناظر دکھائے گئے ہیں جن میں ہر طرف خون اور انسانی اعضاء بکھرے پڑے ہیں۔ علاوہ ازیں ملبے کے ڈھیر اور مہلوکین کے ساز و سامان کو بھی بکھرا ہوا دکھایا گیا ہے۔ دریں اثناء لیبیا میں اقوام متحدہ کی رفیوجی ایجنسی نے حراستی مرکز پر کئے گئے فضائی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں 616 تارکین وطن اور پناہ گزین موجود تھے۔
