نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے یونیورسل ہیلتھ کیئر سیکورٹی پر زور دیتے ہوئے بدھ کوکہا کہ ہندوستان کے روایتی صحت کی دیکھ بھال کے نظام تناؤ اور طرز زندگی کی بیماریوں کا حل پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے یہاں ‘ون ارتھ ون ہیلتھ – ایڈوانٹیج ہیلتھ کیئر انڈیا 2023’ کے چھٹے ایڈیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی عالمی وبا نہیں تھی، تب بھی صحت کی دیکھ بھال کے لیے ہندوستان کا نظریہ عالمگیر تھا۔ ہندوستان کا مقصد جسمانی، ذہنی اور سماجی بہبود ہے۔حقیقی ترقی عوام پر مرکوز ہے اور طبی سائنس میں چاہے کتنی ہی ترقی ہوجائے، آخری فرد تک رسائی یقینی ہونی چاہیے۔ ہندوستان کا مقصد نہ صرف اپنے شہریوں کے لئے بلکہ پوری دنیا کے لئے صحت کی دیکھ بھال قابل رسائی اور سستی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا اور دھیان جدید دنیا کے لیے ہندوستان کا قدیم تحفہ ہیں، جو اب ایک عالمی تحریک بن چکے ہیں۔