ظہیرآباد۔14 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس ظہیرآباد ٹاؤن نے 9 اکتوبر کو دن دھارے پیش آئی سرقہ کی واردات میں ماخوذ سارقین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مال مسروقہ 13 تولے طلائی زیورات بھی برآمد کرلئے۔ تفصیلات کے بموجب عمران احمد خان اسکول ٹیچر نے ظہیرآباد پولیس اسٹیشن میں 9 اکتوبر کو ان کے مکان کی قفل شکنی کرتے ہوئے گھر کی الماری سے 13 تولے طلائی زیورات کے سرقہ کرلئے جانے سے متعلق شکایت درج کرائی تھی۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے سرکل انسپکٹر بی راجو اور سب انسپکٹر سریکانت نے مقدمہ درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا تھا ۔ پولیس ظہیرآباد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سرقہ کی واردات 9/اکتوبر کو تقریباً 9 بجے صبح اس وقت پیش آئی جب کہ عمران احمد خان اور ان کی اہلیہ جو اسکول ٹیچر بھی ہیں اپنے مکان کو مقفل کرکے فرائض منصبی انجام دینے کے لئے گئے تھے اور حسب معمول جب دونوں 1:30منٹ پر لنچ کے لئے گھر آئے تو دیکھا کہ ان کے گھر کا دروازہ اور گھر میں رکھی ہوئی الماری کاقفل تور کر 13 تولے طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا گیا ہے۔ پولیس ظہیرآباد نے سی سی کیمروں کی مدد سے طلائی زیورات سرقہ کرنے والے سارق کو جو محفل دھابہ ظہیرآباد میں کام کرتا تھا 13/نومبر کی صبح کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے مال مسروقہ برآمد کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس واردات میں ملوث سارق کی دادی ریکھا اور اس کابیٹا پریم بھی شامل پائے گئے۔ ایس پی ضلع سنگاریڈی روپیش کمار نے بروقت کاروائی کرنے پر پولیس عہدیداروں کی ستائش کی اور انہیں مبارکباد دیتے انعام سے سرفراز کرنے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر ڈی ایس پی وی رگھو، سرکل انسپکٹر بی راجو ، سب انسپکٹر سریکانت اور دیگر ایس پی چنوری روپیش کے ہمراہ پریس کانفرنس میں موجود تھے ۔